یوسف رضاگیلانی کو چیئرمین سینیٹ بھی منتخب کرائیں گے ، بلاول بھٹو کا اعلان

یوسف رضاگیلانی کو چیئرمین سینیٹ بھی منتخب کرائیں گے ، بلاول بھٹو کا اعلان
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پر ہرطرف سے وار کریں گے اور ان کو گھر بھیجیں گے ۔ سینیٹ انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کی آواز بلند ہوچکی ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ تمام پی ڈی ایم پارٹیوں کا شکرگذار ہوں ۔آج سلیکٹڈ حکومت اپنے ہی پارلیمان سے ہار چکی ہے .

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوچکا ہے ۔عمران خان کو شکست دلانا بڑی کامیابی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وزیراعظم کو استعفیٰ دینا چاہئے یہ صرف اپوزیشن ہی نہیں حکومت میں شامل اراکین کا بھی مطالبہ ہے ۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے جمہوری دور میں نیا سفر شروع ہونے والا ہے ۔ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بھی منتخب کرائیں گے۔ حکومت پٌر ہر طرف سے وار کریں گے اور حکومت کو گھر بھیجیں گے ۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میری جیت میں مجھے سپورٹ کرنے والے اراکین کا ہاتھ ہے ۔ 

خیال رہے کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب ہو گئے ہیں۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔