بھارت نے جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیدی

بھارت نے جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیدی

کولکتہ : بھارت نے جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 326 رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقی بلے باز اپنی روایتی بلے بازی نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور تمام ٹیم 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 

بھارت کی طرف سے روندر جدیجا نے 5 ، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 اور محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

قبل ازیں بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو کپتان روہت شرما نے جارحانہ انداز اپنایا اور شبمن گل کے ساتھ مل کر پانچ اوورز میں اسکور کو 61 تک پہنچا دیا۔

جنوبی افریقہ کے لیے ورلڈ کپ میں اب تک سب سے بہترین باؤلنگ کرنے والے مارکو جینسن اور لنگی نگیدی دونوں ہی روہت شرما کے ہاتھوں تختہ مشق بنے رہے اور انہوں نے دونوں باؤلرز کے خلاف 12 رنز فی اوورز کی زائد کی اوسط سے رنز بنائے۔

اس سے قبل بھارتی کپتان روہت شرما جنوبی افریقہ کے لیے مزید خطرہ بنتے، کپتان ٹیمبا باووما ٹیم کے سب سے تجربہ کار باؤلر کگیسو ربادا کو باؤلنگ پر لائے جنہوں نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کی 24 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے گل ڈٹے رہے اور کوہلی کے ساتھ اسکور کو 10 اوورز میں 91 تک پہنچا دیا لیکن 93 کے مجموعی اسکور پر نوجوان بلے باز کی 23 رنز کی باری کیشپ مہاراج کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے شریاس آئیر آئے اور دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ باؤلرز کی خوب خبر لی۔

ابتدا میں نسبتاً محتاط انداز کے بعد دونوں نے تیزی سے کھیلنا شروع کیا اور تیسری وکٹ کے لیے 134 رنز کی شراکت بنا کر اسکور کو 227 تک پہنچا دیا۔

تیزی سے اسکور بنتے دیکھ کر جنوبی افریقہ کپتان نے لنگی نگیدی کو گیند تھمائی جن کے لگاتار دو اوورز میں پہلی گیند پر چوکے لگانے کے باوجود بھارتی بلے باز بقیہ گیندوں پر رنز کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور پھر رنز نہ بننے کے دباؤ میں شریاس آئیر 77 رنز بنانے کے بعد نگیدی کی ہی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد بھارت کے رنز بنانے کی رفتار میں نمایاں کمی آ گئی اور نئے بلے باز لوکیش راہل کے ساتھ ساتھ وکٹ پر سیٹ کوہلی بھی تیزی سے کھیلنے سے قاصر نظر آئے۔

آئیر کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بلے باز اگلی 32 گیندوں پر صرف 22 رنز بنا سکے اور پھر رنز کے جمود کو توڑنے کے لیے چھکا مارنے کی کوشش میں راہُل اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

کوہلی نے دوسرے اینڈ سے ذمے دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سنچری کی جانب سفر جاری رکھا جبکہ نئے بلے باز سوریا کمار یادیو نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنا کر اسکور کو 285 تک پہنچا دیا۔

اختتامی اوورز میں رویندرا جدیجا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 15 گیندوں پر 29 رنز بنائے جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔

مصنف کے بارے میں