اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا ویکسی نیشن مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے اسلام آباد کی تمام یو سیز میں ویکسی نیشن سینٹرز کھولے جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق ویکسی نیشن سنٹر بنیادی، دیہی مراکز صحت، سرکاری سکولز میں قائم ہوں گے، چراہ، کرپا، تمیر، پنڈ بیگوال، بھمبر تراڑ میں ویکسی نیشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے، نور پور شاہاں، سید پور، ملپور، بہارہ کہو میں بھی ویکسی نیشن سنٹرز قائم ہوں گے، بنی گالہ، پھلگراں راول، شہزاد ٹاؤن، سوہان میں بھی ویکسی نیشن سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یو سی میرہ سمبل جعفر، گولڑہ شریف میں ویکسی نیشن سنٹرز قائم ہوں گے جبکہ سرائے خربوزہ، جھنگی سیداں، ترنول میں بھی ویکسی نیشن سنٹرز بنائے جائیں گے جبکہ یونین کونسل ویکسی نیشن سنٹر میں چار رکنی عملہ تعینات کیا جائے گا اور عارضی بنیادوں پر عملہ بھرتی کیا جائے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو سی ویکسی نیشن سنٹرز کیلئے 92 ویکسینیٹرز کو دو مہینوں کیلئے بھرتی کیا جائے گا اور عارضی ویکسینیٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جبکہ اس مقصد کیلئے میڈیکل و نرسنگ اسسٹنٹ تجربے کے حامل افراد بھرتی کئے جائیں گے۔