رمضان میں غیر متوازن خوراک، معدے کی بیماریاں بڑھنے لگیں

رمضان میں غیر متوازن خوراک، معدے کی بیماریاں بڑھنے لگیں

کراچی: رمضان المبارک میں تلی ہوئی اشیاء اور میٹھے کے زیادہ استعمال سے معدے کی بیماریوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ہیضہ اور تیزابیت کے مریضوں کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے۔

جناح اسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عرفان کے مطابق رمضان میں تیلی ہوئی اشیاء اور میٹھے کے زیادہ استعمال کے باعث ہیضہ اور تیزابیت کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عام دنوں میں اسپتال میں ان بیماریوں کے تقریباً 30 کیسز رپورٹ ہوتے تھے، مگر اب یہ تعداد 70 سے زائد ہو چکی ہے۔

دوسری جانب سول اسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عمران نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ روزانہ 60 سے 70 مریض معدے کے امراض، خاص طور پر ہیضہ اور تیزابیت کے باعث اسپتال کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے، جو غیر متوازن خوراک کے باعث مزید پیچیدگیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔


طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سحری اور افطاری میں دہی کا استعمال لازمی کریں، جبکہ چائے اور مصالحے دار کھانوں سے اجتناب برتیں۔ ماہرین نے مزید کہا کہ کھانے کے بعد فوراً سونے سے پرہیز کریں اور ہلکی چہل قدمی کو معمول بنائیں۔

ماہرین کے مطابق متوازن خوراک اپنانا ضروری ہے، جس میں دلیہ، پھل، سلاد، پانی، لیموں اور تازہ جوس کو ترجیح دی جائے، جبکہ تلی ہوئی اشیاء اور میٹھے کا زیادہ استعمال معدے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔


ڈاکٹرز نے رمضان میں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ متوازن غذا، پانی کا مناسب استعمال اور جسمانی سرگرمیاں بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔