وزارتِ داخلہ کا بڑا اقدام: 53 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹس منسوخ

وزارتِ داخلہ کا بڑا اقدام: 53 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹس منسوخ

اسلام آباد: حکومت نے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے ہزاروں پاکستانیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 53 ہزار افراد کے پاسپورٹس بلاک کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق ان پاکستانی شہریوں کو رواں سال مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ "ڈونکی رُوٹ" کے ذریعے غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش میں پکڑے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے چھ ماہ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر سے 45 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔

گزشتہ دو برسوں میں چار کشتی حادثوں میں 400 سے زائد پاکستانی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ایران کی سرحد پر گرفتار کیے گئے چار ہزار سے زائد افراد بھی اسی غیرقانونی سفر میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے نے ان مسافروں کی تمام تفصیلات نادرا، امیگریشن اور پاسپورٹ حکام کو فراہم کر دی ہیں، جبکہ 1,500 شہری اس وقت مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

ذرائع کے مطابق، تین ہزار افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، اور انسانی اسمگلنگ میں مطلوب عناصر کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔

ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کی واپسی کے لیے سات ممالک کو 36 باہمی قانونی معاونت کی درخواستیں بھیجی ہیں، اور ایران، سعودی عرب، اٹلی، عمان، یو اے ای، یونان اور اسپین میں لنک دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔