جاپان: نیند کے لیے خواب آور پانی دستیاب

جاپان: نیند کے لیے خواب آور پانی دستیاب

ٹوکیو:جن لوگوں کو مختلف مسائل کی وجہ سے نیند نہیں آتی یا پھر جو لوگ کام میں مصروف رہنے کی وجہ سے نیند کی کمی کا شکار ہیں ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ مشروبات اور سافٹ ڈرنکس بنانے والے ایک معروف بین الاقوامی کمپنی نے ایک ایسا مشروب تیار کرلیا ہے، جسے پینے کے بعد آپ کو نیند آنے لگے گی۔

کمپنی کی جانب سے یہ مشروب جاپان میں متعارف کرایا گیا ہے۔

جاپان میں جہاں ملازمین سخت محنت اور کام کی وجہ سے بے آرامی اور تھکاوٹ کا شکار رہتے ہیں، وہیں ایسے لوگوں کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے مشروب ساز کمپنی نے ان کے لیے ایسا مشروب تیا ر کیا ہے، جسے پیتے ہی انہیں نیند آجائے گی۔

مشروب بنانے والی معروف کمپنی کوکا کولا نے نیند پوری نہ کرپانے والے افراد کے لیے ’گلوکوسلیپ واٹر‘ کے نام سے 'خواب آور پانی'متعارف کرایا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مشروب پینے کے بعد ہرطرح کے لوگوں کو بہتر اور آرام دہ نیند آنے لگتی ہے، جب کہ مشروب ایسے افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو رات کو سوتے وقت بے خوابی یا نیند کے دوران دیگر مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

نشریاتی ادارے ’آڈیٹی سینٹرل‘ کے مطابق خواب آور مشروب کے اجزاء میں ایک خاص قسم کا ایسڈ’ایل تھینائن‘ملایا گیا ہے، جو بے چینی اور اسٹریس کو کم کرکے سکون فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جو لوگ 8 گھنٹے کی مکمل نیند نہیں کرپاتے اور جنہیں آرام کے لیے چند گھنٹے ہی ملتے ہیں، وہ اس مشروب کو پینے کے بعد چند گھنٹوں میں مکمل نیند جیسا سکون حاصل کر پائیں گے۔

کمپنی نے مشروب پیش کرتے ہوئے لوگوں کو اس کے استعمال سے اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے چند تجاویز بھی دی ہیں، جن کے تحت اس مشروب کو شام کے وقت یا پھر آرام کے وقت بستر پرآنے کے بعد پیا جائے تو اس کے نتائج زیادہ بہتر نکلیں گے۔

کمپنی کے مطابق اگر اس مشروب کو رات کے وقت نہانے کے فورا بعد پیا جائے تو بھی اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔

جاپان میں پیش کیا جانے والا یہ مشروب پاکستان یا دنیا کے دیگر ممالک میں فروخت کے لیے کب پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے تاحال کمپنی کی جانب سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔