پاکستانی ڈاکٹر کا طبی سائنس میں کارنامہ، وبائی ٹیسٹ کیلئے موبائل ایپ تیار کرلی

پاکستانی ڈاکٹر کا طبی سائنس میں کارنامہ، وبائی ٹیسٹ کیلئے موبائل ایپ تیار کرلی

اوٹاوا: کینیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر نے سمارٹ فون سے عالمی وبا کو ٹیسٹ کرنے کا انوکھا طریقہ دریافت کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

ڈاکٹر نقیب خالد کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وبائی مرض کے ٹیسٹ کیلئے انسانی منہ سے لعاب کا نمونہ ٹیسٹ ٹیوب میں ری ایجنٹ سے ملایا جاتا ہے۔ اس کے بعد ری ایجنٹ ملے لعاب کی موبائل فون کے کیمرے سے تصویر لی جاتی ہے۔

پاکستانی ڈاکٹر ڈاکٹر نقیب خالد کی جانب سے اپنے دعوے میں کہا گیا ہے کہ سافٹ ویئر خود کار طور پر وبائی ٹیسٹ کا نتیجہ چند لمحوں میں دے دیتا ہے۔ کینیڈا اور ایف ای ڈی اے کی منظوری ملتے ہی ڈیٹا ریلیز کر دیا جائے گا۔ منظوری ملنے پر اگلے برس کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فون سے ٹیسٹ ہو سکے گا۔

کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے طبی سائنس میں تاریخ ساز کارنامہ سرانجام دینے پر ڈاکٹر نقیب خالد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر نقیب خالد کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے طب کی تعلیم حاصل کی تھی۔

امید کی جا رہی ہے کہ ڈاکٹر نقیب خالد کی جانب سے بنائی گئی موبائل ایپ جلد ہی پاکستان میں بھی دستیاب ہوگی۔ طبی ماہرین اس ایپ کے کارآمد ہونے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

خیال رہے ابھی تک دنیا بھر میں صرف سواب ٹیسٹ اور اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے ذریعے ہی وبائی مرض کی انسانی جسم میں تشخیص کی جاتی ہے۔ سواب ٹیسٹ میں منہ یا ناک کے ذریعے نمونے حاصل کرکے اس کا لیبارٹری تجزیہ کیا جاتا ہے جبکہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ میں خون کے نمونے لئے جاتے ہیں۔ برطانیہ میں اینٹی باڈی ٹیسٹ اتنا کامیاب تصور نہیں کیا جاتا ہے۔