بنگلہ دیش کیخلاف مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد حسن علی کا شائقین کے نام اہم پیغام 

Pakistan Vs Bangladesh,T20 Series,Hassan Ali

ڈھاکہ :ورلڈکپ ٹی 20میں ناقص کارکردگی دکھانے والے حسن علی نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ پرفارمنس دکھا کر اپنے ناقدین پر یہ ثابت کر دیا کہ ابھی ان کی کرکٹ اور کرنٹ باقی ہے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20میچ میں مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے کے بعد حسن علی نے اپنا ایوارڈ ان شائقین کے نام کر دیا جنہوں نے ورلڈکپ کے دوران انہیں خوب سپورٹ کیا ۔

حسن علی کاکہنا تھا کہ کھلاڑی کی پرفارمنس میں اُتار چڑھاﺅ آتا رہتا ہے ،جانتا ہوں کہ ورلڈ کپ میں شائقین کرکٹ ان کی کارکردگی سے مایوس ہوئے کیونکہ نا تو باﺅلنگ اچھی رہی اور نہ ہی فیلڈنگ میں ٹیم کا ساتھ دے سکا ۔

حسن علی نے مزید کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں سو فیصد کارکردگی دکھاﺅں لیکن افسوس کہ ایسا نہ ہوا ،انہوں نے کہا یہ ٹیم پاکستان کیلئے انتہائی خوش آئندہ بات ہے کہ ہر میچ میں الگ الگ مین آف دی میچ سامنے آتا ہے جو یہ ظاہر کرتاہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی محنت کررہا ہے اور ٹیم کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر رہی ۔

واضح رہے فاسٹ بولر نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں 4 اووز میں22 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں، انہیں عمدہ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔