جمہوری اور عسکری قیادت ملک کو درپیش خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، احسن اقبال

جمہوری اور عسکری قیادت ملک کو درپیش خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ جمہوری اور عسکری قیادت ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجرز سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، ان خطرات کا اندرونی استحکام اور قومی یک جہتی سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے قومی سلامتی کمیٹی میں تمام خطرات پر بات ہوتی ہے عوامی مرکز میں سی پیک کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا بلکہ سی پیک کا ریکارڈ منصوبہ بندی کمیشن میں ہے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقاتی کمیٹی 21ستمبر کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔

 سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن کی جانب سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار خان کے ایک ٹی وی انٹرویو میں چار شخصیات کو ملک کو درپیش سنگین خطرات سے آگاہ ہونے سے متعلق حکومتی جواب کے مطالبہ اور ایک توجہ مبزول کروانے کے نوٹس پر بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ایسے کوئی خطرات نہیں جن سے کابینہ کی سلامتی کمیٹی آگاہ نہ ہو۔احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی آئینی وزیراعظم ہیں،انھیں ملک کو درپیش خطرات کا باخوبی علم ہے۔ اسی طرح موجودہ آرمی چیف بھی تمام چیلنجرز سے آگاہ ہیں۔ہماری ایٹمی اور معاشی صلاحیت سے کئی ملکوں اور حلقوں کو مسلہ ہے۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ خصوصا سی پیک سے ہمارے ایک پڑوسی ملک کو بہت مسئلہ ہے۔بھارتی سویلین اور عسکری حکام کھلے عام کہا چکے ہیں کہ وہ سی پیک کو ہر قیمت پر ناکام بنائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج کل جنگیں اطلاعات پر لڑی جاتی ہیں، ہمیں بھی ایسی صورتحال کا سامنا ہے۔صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد کئی خدشات پالیسی کی صورت میں سامنے آئے۔ اس سے پہلے عوامی مرکز میں آتشزدگی سے متعلق سینیٹر شیری رحمن کے توجہ دلا نوٹس پر وزیر داخلہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ عوامی مرکز میں وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر تھا۔وہاں سی پیک کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا بلکہ سی پیک کا ریکارڈ منصوبہ بندی کمیشن میں ہے ۔وزیراعظم کے حکم پر تحقیقاتی کمیٹی 21ستمبر کو رپورٹ پیش کرے گی۔