پاکستان اللہ کی رحمت اور مسلمانوں کی دعاؤں کی قبولیت کا نتیجہ ہے: شہباز شریف

پاکستان اللہ کی رحمت اور مسلمانوں کی دعاؤں کی قبولیت کا نتیجہ ہے: شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی رحمت اور برصغیر کے مسلمانوں کی دعاؤں کی قبولیت کا نتیجہ ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں جمہوری جدوجہد اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا۔ 
انہوں نے کہا کہ قیام وطن کیلئے قربان ہو جانے اور عظیم قربانیاں دینے والوں کو سرجھکا کر سلام کرتے ہیں اور تحریک پاکستان کے شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلمانوں کی امیدوں کا محور اور ایک مقدس امانت ہے جبکہ بحیثیت قوم ہمیں قائداعظم کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ 
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مسلمانوں کے خوابوں کی تعبیر کے حصول کیلئے پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے اور آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ نواز شریف کی قیادت میں قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کر کے رہیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں