ماؤنٹ مینگنوئی : نیوزی لینڈ نے پانچ ٹی20 میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن نے پاکستانی باؤلرز کا بھرپور مقابلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے فن ایلن 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ ٹم سائفرٹ نے 44، مارک چیپمن نے 24، اور ڈیرل مچل نے 29 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی باؤلنگ میں حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی اور شاداب خان بغیر کوئی وکٹ لیے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے، دونوں نے 49،49 رنز دیے۔
پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ابتداء ہی میں لڑکھڑا گئی اور 17ویں اوور میں 105 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ عبدالصمد 44 رنز اور عرفان خان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے، مگر باقی کھلاڑیوں کا کوئی خاص کارنامہ نہ دکھا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4 اور زاکرے فاکس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ول اوررک، جمی نیشم اور ایش سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز 3-1 سے جیت لی۔