لاہور : مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ہو رہی ہیں اور موسم میں مزید ٹھنڈک آ گئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارشیں ہوئی ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے ہیں۔ جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش ہوئی، جبکہ لاہور کے علاقوں جیسے جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بھی بارش ہوئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی نوید سنائی گئی ہے اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکھر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، جس سے موسم کا مزہ دوبالا ہو جائے گا۔