پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی مستعفی ہونے کی دھمکی 

پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی مستعفی ہونے کی دھمکی 

لاہور :صوبائی اسمبلی  پنجاب میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ناراض   اراکین نے اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی ہے ۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ اور پارٹی اراکین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں ، ناراض اراکین کا کہناہے کہ ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جارہے ہیں، اس لیے وہ  سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے ۔ 

پی ٹی آئی اراکین کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ابھی تک وعدوں پر عمل نہیں کیا ، وزیراعلیٰ اپنوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہے ۔

ناراض اراکین میں متحرک رہنما اور پی پی 285 سے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ دائود سلیمانی کا کہناہے کہ سینیٹ الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے ، مطالبات نہ مانے گئے تو تمام ناراض اراکین کا گروپ پنجاب اسمبلی نشست سے مستعفی ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ جلد اپنی میٹنگ بلا کر اگلا لائحہ عمل طے کریں گے ۔ ناراض پی ٹی آئی رہنمائوں میں شہاب الدین ، ملک غضنفر چھینہ ، تیمورلالی ، مامون تارڑ ، فیصل فاروق چیمہ ، اعجاز خان ، گلریز افضل چن ، غضنفر عباس ، خؤاجہ داؤد بندیشہ ، محی الدین کھوسہ ، اور عامر شہانی سمیت دیگر شامل ہیں۔