وزیراعظم آج شام 4 بجے عوام سے ٹیلیفون پر براہ راست بات کریں گے: شبلی فراز

Prime Minister Imran Khan, people, telephone, tomorrow, 4 pm, Shibli Faraz

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج شام 4 بجے عوام سے ٹیلیفون پر براہ راست بات کریں گے۔

اپنی ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستانی عوام کے سوالات کے جوابات دیں گے، وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیلی فون لائنز شام 4 بجے عوام کیلئے کھول دی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ معاشی ٹیم کو مزید متحرک کر دیا تاکہ ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ معاشی میدان میں مزید خوشخبریاں آرہی ہیں ، افراط زر کم کرنے کی کوششیں اب نتائج دکھا رہی ہیں۔ کنزیومر پرائس انڈیکس اور افراط زر ہماری حکومت بننے سے پہلے کی سطح سے نیچے آ گئے۔

ادھر عمران خان کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی مہنگائی میں مسلسل کمی کی بات کی ، انہوں نے کہا کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 5.7 فیصد ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج مہنگائی کی شرح پی ٹی آئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے وقت سے کم ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں اشیائے ضرورت کہیں مہنگی تو کہیں قیمتیں معمول پر آنے لگیں ہیں۔ لاہور کی اوپن مارکٹس میں دکانداروں کی من مانیاں ، سبزیوں اور پھلوں کی قمیت میں پانچ فیصد اضافہ ہوگیا۔ جبکہ ماڈل بازاروں میں ریٹس میں کمی پر شہری خوش ہیں۔