اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائی پر مریم نواز کا رد عمل بھی سامنے آگیا

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائی پر مریم نواز کا رد عمل بھی سامنے آگیا

 اسلام آباد: مریم نواز کا اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی ضمانت پر رد عمل سامنے آگیا ہے ۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹؤیٹر پر مریم نواز نے شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی جانب س شئیر کی گئی تصویر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھاکہ " شکر الحمد اللہ " ۔

مریم نواز نے اپنے چچازادبھائی کی جانب سے شئیر کی گئی تصویر ری ٹویٹ بھی کی ہے ۔ 

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے میاں شہباز شریف کو 50، 50 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ حمزہ شہباز کے فیصلے میں بھی عدالت نے شہباز شریف کو مرکزی ملزم قرار دیا۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ یہ 7 ارب کے سکینڈل کے مرکزی ملزم ہیں۔ نثار ٹریڈنگ کے نام سے کمپنی بنائی گئی جس میں ٹی ٹیز آتی رہیں۔ نصرت شہباز نے ٹی ٹیز سے کمپنی بنائی جس کی ڈائریکٹر بنیں۔ نصرت شہباز کو وراثت میں کوئی جائیداد ٹرانسفر نہیں ہوئی۔ جب تک حمزہ شہباز کے پاس عوامی عہدہ تھا، کوئی ٹی ٹی نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ2018 ء میں شہباز شریف کے 7 ارب 30 کروڑ کے اثاثے ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اثاثوں کی تفصیلات نہیں مل رہیں۔ تین کروڑ روپے سالانہ کی آمدن کے ذرائع کا کوئی پتا نہیں ہے۔ سلمان شہباز، حمزہ شہباز اور دونوں بیٹیاں بے نامی دار ہیں۔ بطور وزیراعلیٰ نثار احمد کو 40 لاکھ تنخواہ پر رکھا، جو مفرور ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے ناموں پر ٹی ٹیز بھی آتی رہی ہیں۔ انھوں نے پرکشش تنخواہیں،عہدے دے کر ملازمین کے اکاؤنٹس استعمال کیے۔ شہباز شریف کا داماد ان اکاؤنٹس کو آپریٹ کرتا ہے جو مفرور ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے طنزیہ بیان میں کہا تھا کہ آج کوئی اپنا فون بار بار چیک کر رہی ہیں۔ انھیں ڈر ہے کہ کہیں ان کا کوئی بہت اپنا جیل سے باہر نہ آ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ اگر کوئی جیل سے باہر آ گیا تو ان کو مکمل سائیلنٹ موڈ اختیار کرنا پڑے گا۔ جیسے ڈسکہ میں ان کو سین سے غائب ہونا پڑا، ویسے ہی ہر جگہ سے سیاسی طور پر غائب ہونا پڑے گا۔

گزشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے لکھا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی تجربہ کار ٹیم کو خبر ہو کہ جن کے آپ نے پیٹ پھاڑنے تھے، انہوں نے آپ کا شوکاز نوٹس پھاڑ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کا جعلی اعتماد دیکھیں کل تک لاڑکانہ کراچی جا کر پی پی کی دہلیز پر جھکے ہوئے تھے، ان سے تعاون کی بھیک مانگ رہے تھے اور آج انہیں شوکاز نوٹس ایشو کر کے پھاڑنے کا موقع دے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں بھی (ن) لیگ جیتی تھی لیکن ان معصوم عورتوں کی چیخیں، جیتنے والوں کی قبروں تک ان کا پیچھا کرنے والی ہیں۔ کپتان اس سیاسی انتظامی آلودہ نظام کو تبدیل کرنے نکلا ہے۔ اس میں عددی جیت ہار ہوگی۔ ہم ہر صورت ہر قیمت پر جیتنے پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ ہم جیت کر،معاشرہ ہارنا نہیں چاہتے۔