ڈریپ نے ادویات بنانے کے لائسنس کی نظرثانی شدہ فیسوں کا اطلاق کر دیا

ڈریپ نے ادویات بنانے کے لائسنس کی نظرثانی شدہ فیسوں کا اطلاق کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات بنانے کے لائسنس، ڈرگ رجسٹریشن، لائسنس ری نیوول اور سائٹ انسپیکشن کی فیسوں میں ردوبدل کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق ادویات بنانے کیلئے لائسنس کی فیس 45,000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس لائسنس کو ری نیو کروانے کی فیس 22,500 روپے ہو گی۔ زادالمیعاد لائسنس کو ری نیو کروانے کی درخواست دیتے وقت اصل فیس کیساتھ ساتھ 7,500 روپے فی دن بھی دینا ہوں گے۔ 
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لائسنس ری نیو کروانے کی درخواست کیساتھ سائٹ ویری فکیشن کی مد میں 7,500 روپے کے علاوہ ادویات کی دوبارہ پیکنگ کی مد میں بھی 7,500 روپے اضافی دینا ہوں گے تاہم ملک سے باہر بنائی جانے والی ادویات کیلئے رجسٹریشن فیس 75,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 
اسی طرح مقامی طور پر بنائی جانے والی ادویات کیلئے رجسٹریشن فیس 30,000 روپے ہے جبکہ ری نیوول رجسٹریشن فیس 15,000 روپے ہے البتہ ملک سے باہر بنائی جانے والی ادویات کی ری نیوول رجسٹریشن فیس 30,000 روپے رکھی گئی ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ادویات بنانے کے معاہدے کی معیاد میں اضافے کی فیس 75,000 روپے رکھی گئی ہے اور پرنٹ میڈیا میں اس کی تشہیر کیلئے 15,000 روپے، ریڈیو پر تشہیر کیلئے 22,000 روپے اور الیکٹرانک میڈیا پر تشہیر کیلئے 37,000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔