عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں،عمران  نیازی گھر جائے : شہباز شریف

 عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں،عمران  نیازی گھر جائے : شہباز شریف

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے صدر اور  قومی اسمبلی  میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پٹرول بم کے بعد اب 6 روپے بجلی مہنگی کرنے کی تیاری ہے ۔ عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں،عمران  نیازی گھر جائے ۔

لیگی رہنما نےاپنے بیان میں کہا کہ پٹرول لیوی پر 4 روپے اضافہ عوام پر ایک اور ظلم ہے ، عوام کی بددعائیں  نہ لیں ،پٹرول،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں ظالمانہ اضافے سے آٹا، چینی، کرایے سمیت ہر چیزکی قیمت کو آگ لگ چکی ہے ۔

واضح رہے کہ  بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 28 فروری کو سماعت کرے گا۔

سی پی پی اے کے مطابق جنوری میں ہائیڈل سے 5.83 فیصد اور کوئلے سے 33.15 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈیزل سے 6.73 فیصد اور فرنس آئل سے 14.07 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقامی گیس سے 14.37 فیصد اور ایل این جی سے 7.12 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اسی طرح جوہری ایندھن سے 14.37 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ ہوا سے 2.22 فیصد اور بگاس سے 1.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

مصنف کے بارے میں