قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار کون؟ نام سامنے آ گیا

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار کون؟ نام سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سے متعلق آئندہ دو سے تین روز میں حتمی فیصلہ لئے جانے کا امکان ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق اس عہدے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ 
سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد ان عہدوں پر مستقل تعیناتیاں نہیں کی گئیں اور نو منتخب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے آسٹریلین سابق اوپنر میتھیو ہیڈن اور جنوبی افریقی باؤلر ویرنون فلینڈر کو عارضی طور پر تعینات کیا ہے۔ 
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کسی پاکستانی کرکٹر کو سونپی جائے گی اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کی رمیز راجہ کیساتھ ملاقات بھی ہوئی ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کیلئے عارضی طور پر کوچنگ کی ذمہ داری سونپی تھیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقل کوچز کی تعیناتی ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد کی جائے گی۔