ظام تبدیل کرنا مشکل کام، ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں: امیر جماعت اسلامی

ظام تبدیل کرنا مشکل کام، ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں: امیر جماعت اسلامی

کوہاٹ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت گرانا آسان، مگر نظام تبدیل کرنا مشکل کام ہے۔ ہم چہرے نہیں نظام بدلنا چاہتے ہیں۔ ہماری لڑائی ظلم و جبر اور اس استحصالی نظام سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں کوہاٹ میں الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام آغوش سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فآنڈیشن خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی کفالت کے لئے 12 کروڑ روپے کی لاگت سے 13 کنال رقبے پر محیط جدید سہولیات سے آراستہ آغوش الخدمت ہوم کوہاٹ کا افتتاح کیا جس میں 200 یتیم بچوں کی کفالت کے لئے معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بے کسوں مساکین اور نادار لوگوں خاص طور پر یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت اور کفالت کا انتظام کرنا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے مگر حکومت کواپنی کسی ذمہ داری کا کوئی خیال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا وبا کے دوران بھی متاثرین کیلئے 12 سو ارب روپے کا اعلان کیا مگر کسی کو کوئی پتا نہیں کہ وہ بارہ سو ارب روپے کہاں گئے اور کس کو دیئے گئے۔ حکمرانوں نے کورونا وبا سے متاثرین کیلئے باہر سے آنے والی اربوں روپے کی امداد کہاں خرچ کی؟ اس کا بھی حساب کتاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ اکتوبر 2005ء کے زلزلہ متاثرین ابھی تک حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ 15 سال گزر گئے سابقہ اور موجودہ حکومت نے ان بے گھر ہونے والوں کو کوئی سہارا نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام اس وقت ملک میں 15 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔