پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر چین کے شکر گزار ہیں، دفترِ خارجہ

پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر چین کے شکر گزار ہیں، دفترِ خارجہ
کیپشن: پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے، ترجمان دفترِ خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ چین کے شکر گزار ہیں جس نے وہاں موجود پاکستانیوں کا خیال رکھا۔ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ میں کورونا وائرس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس سے بدلتی صورتِ حال کو مسلسل نگاہ میں رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ ارومچی میں فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی جس کے باعث پاکستانی وہاں متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ تاخیر کا شکار مسافروں سے متعلق چینی حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں کہ وہ پاکستانی شہریوں کے خوراک کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ بدقسمتی سے یہ سلسلہ بن گیا ہے کہ بھارتی رہنما جنگی جنون کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز امریکی صدر کی جانب سے پیش کیے جانے والے اسرائیل منصوبے کے حوالے سے عائشہ فاروقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔